اسحاق ڈار کا ترک وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال

0 106

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شام کی صورتحال پر ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جہاں دونوں وزراء نے پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ترکیہ کے ہم منصب کو شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی سکیورٹی اور سلامتی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے متعلق آگاہ کیا۔

دونوں وزراء نے شام میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے ممکنہ تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں، تمام شہریوں کو احتیاط کرنے کا کہا گیا ہے، شام میں بدلتی ہوئی صورتحال کا بہ غور جائزہ لے رہے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کی ہے، شام کے متعلق ہمارے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، شام میں پاکستان کا سفارت خانہ شہریوں کی مدد کے لیے کھلا ہے تاہم ابھی تک دمشق ایئرپورٹ بند ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمارا سفارت خانہ پاکستانی شہریوں اور زائرین کے ساتھ رابطے میں ہے، دمشق ایئرپورٹ کھلنے کے بعد شہریوں کی واپسی شروع ہو جائے گی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.