پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرزکا میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے 21 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
لاہور قلندرز نے 11 اعشاریہ 3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے کہ تیز آندھی اور غبار آلود ہواؤں کے باعث میچ روک دیا گیا، تھوڑی دیر بعد موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور میچ ریفری نے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
میچ سے قبل کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سعود شکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین میچوں سےبولنگ یونٹ اچھا پرفارم کر رہا ہے، اُمید کرتا ہوں کہ اس میچ میں اچھی بولنگ ہوگی۔
کپتان لاہور قلندرز شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، 170 سے 180 رنز دفاع کرنے کے لیے اچھا ہدف ہوگا۔
ترجمان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بتانا تھا کہ فاسٹ بولر محمد عامربخار میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ آج کا میچ نہیں کھیل رہے، ان کی جگہ ایمرجنگ فاسٹ بولر محمد ذیشان پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔