آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2025 کا شیڈول جاری
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن ورلڈکپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا، پاکستان ٹیم اپنے تمام تر میچز بھارت کے بجائے کولمبو میں کھیلے گی۔آئی سی سی کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ویمن ورلڈ کپ کے میچ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
اس ایونٹ کے میچز دونوں ممالک کے پانچ شہروں میں ہوں گے، جن میں بینگلورو، ویزاگ (وشاکھا پٹنم)، اندور، گوہاٹی اور کولمبو شامل ہیں۔ایک سیمی فائنل بینگلورو میں ہوگا، جب کہ دوسرا کولمبو یا گوہاٹی میں کھیلا جائے گا، فائنل 2 نومبر کو بینگلورو یا کولمبو میں منعقد ہونے کا شیڈول ہے۔
یہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ راؤنڈ روبن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی، اور سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔تمام ٹیمیں ٹورنامنٹ سے قبل دو وارم اپ میچز بھی کھیلیں گی، جو 24 ستمبر سے شروع ہوں گے۔
میزبان بھارت 24 ستمبر کو بینگلورو میں 2022 کے ایڈیشن کی رنرز اپ ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا وارم اپ میچ کھیلے گا، جس کے بعد تین دن بعد 27 ستمبر کو گوہاٹی میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا میچ ہوگا۔یہ ٹورنامنٹ 1973 میں آغاز کے بعد 13ویں ایڈیشن کے طور پر کھیلا جائے گا، دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، جس نے 2022 میں اپنا ساتواں ٹائٹل جیتا تھا، نے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کی رینکنگز میں سرفہرست رہتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔
آسٹریلیا کے علاوہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا نے بھی ویمنز چیمپیئن شپ کے ذریعے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، جب کہ میزبان بھارت کو خود بخود جگہ ملی۔پاکستان اور بنگلہ دیش نے سال کے اوائل میں ہونے والے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں سرفہرست دو ٹیموں میں شامل ہو کر ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ یقینی بنائی۔
پاکستانی ٹیم اپنے تمام تر میچز بھارت کے بجائے کولمبو میں کھیلے گی، سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھی میچز کولمبو میں ہوں گے، پاک بھارت میچ بھی 5 اکتوبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کو کھیلے گی، 5 اکتوبر کو پاکستانی ٹیم بھارت کے مدمقابل ہوگی، 8 کو آسٹریلیا سے اس کا میچ ہوگا اور 15 اکتوبر کو انگلینڈ سے ٹاکرا ہوگا، 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ اور 24 اکتوبر کو سری لنکا سے مقابلہ ہوگا۔