کھیلوں کی فیڈریشنز میں 2 مدتوں سے زائد عہدوں پر برقرار رہنے کا نوٹس
پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے کھیلوں کی فیڈریشنز میں 2 مدتوں سے زائد عہدوں پر برقرار رہنے کا نوٹس لے لیا۔نیشنل سپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی پر 9 فیڈریشنز عہدیداران کو انتباہی خط ارسال کیا گیا ہے۔
خط میں سپریم کورٹ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی ایس بی سے الحاق کے لیے نیشنل سپورٹس پالیسی پر عمل لازمی ہے، بیس بال فیڈریشن کے صدر اور خزانچی دو مدتوں سے زائد عہدے پر برقرار ہیں، بیس بال کے سیکرٹری پہلے صدر کے عہدے پر فائز رہے، دوبارہ سیکرٹری جنرل کے عہدے پر کام کر رہے ہیں جو کہ خلاف ضابطہ ہے۔
خط کے متن کے مطابق تائیکوانڈو و جوڈو فیڈریشن کے صدور اور سیکرٹریز پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے جبکہ سیلنگ و کراٹے فیڈریشنز کے سیکرٹری جنرلز نے مدتِ مقررہ سے تجاوز کیا۔خط میں انتباہ کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب عہدیداران 30 یوم میں اصلاح و احوال کریں، بصورت دیگر متعلقہ فیڈریشنز پی ایس بی سے ملنے والے فوائد سے محروم ہو جائیں گے۔
قومی سپورٹس پالیسی کے تحت فیڈریشن یا ایسوسی ایشن میں کسی بھی عہدیدار کی مدتِ عہدہ 4 سال ہے، کوئی بھی فرد دو مدتوں کے لیے کسی بھی عہدے پر فائز رہ سکتا ہے لیکن دو مدتوں کے بعد دوبارہ اسی عہدے پر تقرری کی اجازت نہیں ہے تاہم ایسے افراد کسی اعلیٰ عہدے یا نئی ایسوسی ایشن کیلئے انتخاب لڑ سکتے ہیں۔