پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ جوڈو پروگرام کا پہلا مرحلہ شروع
پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور ڈائریکٹر میڈیا مسعود احمد خان نے بتایا کہ پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ جوڈو پروگرام کا پہلا مرحلہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شروع ہو گیا ہے۔
دوسرا مرحلہ اسلام آباد ، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا جبکہ تیسرا مرحلہ پنجاب میں 2 ہفتے بعد شروع کیا جائے گا۔
ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 15 سے 25 سال تک کے نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہےہیں۔ اس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے جوڈو کے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا ہے۔
اس پروگرام میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو پہلے مرحلے میں ڈویژنل سطح پر ٹرائلز کےلئے منتخب کیا جائے گا اس کے بعد انہی کھلاڑیوں میں سے بین الصوبائی سطح کےلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
بین الصوبائی سطح پر شاندار کارکردگی دیکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے لئے منتخب کیا جائے گا، اس پروگرام میں باصلاحیت اور نامور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کےلئے موقع فراہم کئے جائیں گے۔