افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے سری لنکن سکواڈ کا اعلان، سابق کپتان داسن شناکا ڈراپ

0 128

ری لنکا نے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے سابق کپتان داسن شناکا کو 16 رکنی سکواڈ سے ڈراپ کردیا، آل رائونڈر چمیکا کرونارتنے اور اوپننگ بیٹر شیون ڈینیئل کو شامل کرلیا گیا ہے۔

داسن شناکا کو ناقص پرفارمنس کے باعث سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا، شناکا نے اپنی گزشتہ 21 ون ڈے اننگز میں 12.25 کی اوسط سے رنز بنائے جن میں ایک نصف سنچری شامل ہے۔

شناکا کو زمبابوے سیریز سے قبل کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا تاہم پلیئنگ الیون میں برقرار رکھا گیا بعد ازاں انہیں پہلے دو ون ڈے میچوں میں آٹھ اور سات رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد تیسرے ون ڈے سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔

داسن شناکا کے ساتھ ساتھ ونیندو فرنیڈو اور جیفری وینڈرسے کو بھی ناقص پرفارمنس پر ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ افغانستان کے خلاف پالے کیلے میں شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کیلئے سری لنکن سکواڈ میں کپتان کوشل مینڈس، شیون ڈینیئل، دنیتھ ویلالاگے، چارتھ اسالنکا، جانتھ لیانگے، پرامود مدوشن، پاتھم نسانکا، چمیکا کرونارتنے، اکیلا دھننجیا، اویشکا فرنینڈو، مہیش تھیکشانہ، ونیندو ہسارنگا، سدیرا سماراوکرما، دلشان مدوشنکا، ساہن اراچیگے اور دشمانتھا چمیرا شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.