پی ایس ایل، دسویں ایڈیشن کیلیے ونڈو کی تلاش
پاکستان کرکٹ بورڈ روایتی طور پر پی ایس ایل کا انعقاد جنوری سے مارچ کے درمیان کرتا ہے، البتہ 2025 کے سخت ترین شیڈول میں اس عرصے کے دوران ونڈو نکالنا تقریبا ناممکن ہے، جنوری میں پاکستانی ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ مکمل ہوگا،اسی ماہ ٹیم کو نیوزی لینڈ بھی جانا ہے۔
فروری میں ملک میں ون ڈے ٹرائنگولر سیریز کرانے کا اعلان ہو چکا،اس میں گرین شرٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو حصہ لینا ہے، فروری، مارچ میں پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی بھی میزبانی کرے گا، گوکہ ابھی پی ایس ایل10 میں کافی وقت باقی ہے۔
فرنچائزز اس حوالے سے پیشگی تشویش ظاہر کر چکیں،مارچ کے پہلے ہفتے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ٹیم اونرز سے پہلی اور اب تک کی آخری ملاقات ہوئی تھی، اس میں فرنچائزز نے آئندہ سال لیگ جنوری کے اواخر میں شروع کرانے کی تجویز دی تھی۔
اس کا اختتام فروری میں ہوتا مگر بورڈ حکام نہ مانے، ان کا کہنا تھا کہ 20 سال بعد پاکستان کو ٹرائنگولر سیریز کی میزبانی کا تاریخی موقع ملا ہے اسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔