بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 17 رکنی پاکستان کرکٹ سکواڈ کا اعلان

0 47

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان کرکٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہوگا۔پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہرمحمود کیمپ کی نگرانی کریں گے۔جیسن گلیسپی کی پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور توقع ہے کہ وہ اسی روز دوپہر کو ٹریننگ کرے گی۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔پاکستان کے 17 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے جو آسٹریلیا کے دورے پر نائب کپتان تھے۔ یہ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کو 21 اگست2024 سے 5 اپریل 2025 تک 9 ٹیسٹ 14 ٹی ٹونٹی اور کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے ہیں۔ٹیسٹ سکواڈ کے اعلان کردہ 17 میں سے 13 کھلاڑی پاکستان ٹیم کے گزشتہ دور آسٹریلیا میں شامل تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے میں شامل امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی ( انجرڈ ) محمد نواز، محمد وسیم جونیئر (انجرڈ )، نعمان علی اور ساجد خان سکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش اے کے ِخلاف پہلے چار روزہ میچ کے لیے بھی پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان شاہینز سکواڈ میں سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام ، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد رمیز جونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، ثمین گل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر ) اور عمر امین شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.