نوویک اور کارلوس فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز کےکوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

نوویک جوکووچ نے رافیل نڈال کے آل ٹائم ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

0 46

پیرس (شوریٰ نیوز) نوویک اور کارلوس فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز کےکوارٹر فائنل میں پہنچ گئے،نوویک جوکووچ نے رافیل نڈال کے آل ٹائم ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین نوویک جوکووچ اور ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز ،یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس اور روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف فرنچ اوپن ٹینس میں اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔ نوویک جوکووچ نے اپنے 17ویں فرنچ اوپن ٹینس کوارٹر فائنل میں پہنچ کر ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال کے آل ٹائم ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔ مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف پیرو کے ٹینس کھلاڑی جان پابلو واریلاس کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 ،2-6 اور 2-6 سے شکت دی۔ اس فتح کے ساتھ جوکووچ نے 17 ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ کوارٹر فائنل میں نوویک جوکووچ کا مقابلہ روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف سے ہوگا۔ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے روایتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اطالوی حریف لورینزو موسیٹی کو سیدھے سیٹس میں 3-6، 2-6 اور 2-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا ،جہاں ان کا مقابلہ یونانی حریف کھلاڑی سٹیفانوس سے ہوگا۔سٹیفانوس نے پری کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریا کے حریف کھلاڑی سیباسٹین آفنرکو سٹریٹ سیٹس میں 5-7، 3-6 اور 0-6 سے شکست دی ۔ایک اور میچ میں روسی کھلاڑی کیرن خچانوف نے بھی سخت مقابلے کے بعد پری کوارٹر فائنل لائن عبور کر لی اور کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ان کی فتح کا سکور 6-1،4-6، 6-7(7-9) اور 1-6 رہا۔کیرن خچانوف کو کوارٹر فائنل میں 22 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن سربین سٹار نوویک جوکووچ کا چیلنج درپیش ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.