بھارت میں ایک اور یوٹیوبر پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار
پاکستان سے خوفزدہ بھارت بوکھلاہٹ میں اپنے ہی لوگوں کو نشانہ بنانے لگا، معروف یوٹیوبر جسبیر سنگھ کو پاکستان کےلیے جاسوسی اور رابطے رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔بھارت میں سچ بولنا اور آزادی سے اپنی رائے کا اظہار کرنا اب جرم بن چکا ہے، پنجاب سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر جسبیر سنگھ کے یوٹیوب چینل جان محل کے سبسکرائبرز کی تعداد 11 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
پولیس کے مطابق جیوتی کی گرفتاری کے بعد جسبیر سنگھ نے اپنے اور پاکستانی ایجنسیوں کے درمیان رابطے کے تمام ثبوت مٹانے کی کوشش کی، وہ 2020، 2021، اور 2024 میں تین مرتبہ پاکستان کا دورہ بھی کر چکا ہے۔تفتیشی حکام نے الزام لگایا کہ جسبیر سنگھ کا رابطہ احسان الرحیم عرف دانش سے تھا، جو پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات تھا اور جسے حال ہی میں ہندوستان سے بےدخل کر دیا گیا ہے، علاوہ ازیں جسبیر کا تعلق پاکستانی انٹیلی جنس آفیسر شاکر عرف جٹ رندھاوا سے بھی رہا ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جسبیر سنگھ نے دانش کی دعوت پر دہلی میں پاکستان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی، جہاں اس نے پاکستانی اہلکاروں اور وی لاگرز سے ملاقات بھی کی۔