ایلون مسک اور ٹرمپ کی دوستی ،دشمنی میں بدل گئی، ایک دوسرے پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ

0 3

ایلون مسک اور ٹرمپ کی دوستی ختم ہوتے ہی دشمنی میں بدل گئی، ایک دوسرے پر سنگین الزامات کا تبادلہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلااور امریکا کے محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE)کے سابق سربراہ ایلون مسک کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔گزشتہ دنوں دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کو بتائے بغیر مشیر کا اہم عہدہ چھوڑ دیا تھا جس کے بعد مسک نے امریکی صدرکے ٹیکس میں کٹوتی اور اخراجات بل پر شدید تنقید کی تھی۔جس کے بعد ایلون مسک اور امریکا کےصدرڈونلڈ ٹرمپ کی دوستی ختم ہوتے ہی دشمنی میں بدل گئی اور اب ایک دوسرے پر سنگین الزامات کا تبادلہ ہورہا ہے۔

ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام جنسی اسکینڈلز میں بدنام ایپسٹین کی فائلوں میں موجود ہے۔واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین کمسنوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے کئی واقعات میں ملوث قرار دیا گیا تھا اور سن 2019 میں وہ پراسرار طورپر جیل میں مردہ پایا گیا تھا۔جیفری ایپسٹین امریکا سمیت مختلف ممالک کی اہم ترین شخصیات کا دوست تھا اور انہیں اپنے گھر پارٹیوں میں مدعو کرتا تھا۔ ایلون مسک نے کہا کہ ایپسٹین کی فائل میں ٹرمپ کا نام ہونےکی وجہ سے یہ دستاویز سامنے نہیں لائی جا رہی ۔ لکھ کر رکھ لیں، حقیقت سامنے آکر رہے گی۔

ٹرمپ نے اوول آفس میں ایک ٹی وی خطاب کے دوران کہا کہ وہ کانگریس میں زیر غور بل پر مسک کی تنقید سے بہت مایوس ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے ایلون مسک کے اربوں ڈالر کے سرکاری معاہدے منسوخ کرنے کی دھمکی بھی دی۔ایلون مسک نے بھی براہِ راست ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ 2024 کے انتخابات ان کی مدد کے بغیر نہیں جیت سکتے تھے۔مسک نے لکھا کہ ‘میرے بغیر ٹرمپ الیکشن ہار جاتے، ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان پر قابض ہوتے اور سینیٹ میں ریپبلکنز کی تعداد صرف 51، 49 ہوتی۔ٹیسلا کے مالک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹرمپ کو "احسان فراموش” بھی قرار دیا۔

مسک سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے لفظی گولہ باری کی اور کہا کہ خود انہوں نےایلون مسک کو حکم دیا تھا کہ وہ انتظامیہ سے علیحدہ ہوجائیں اور یہ بھی کہ ارب پتی پاگل ہوگیا ہے۔ایلون مسک نے ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بہت بڑا بم گرادیاجائے۔ٹرمپ نے ایلون مسک کے کہنے پر جو ناسا کی سربراہی کے لیے جیرڈ آئزک مین کا انتخاب کیا تھا اب وہ نامزدگی بھی واپس لے لی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر تازہ بیان میں کہا ہے کہ انہیں یہ علم نہیں تھا کہ ایلون مسک باقاعدگی سے منشیات استعمال کرتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ ایلون مسک انکے خلاف بول رہے ہیں۔ بعد ازاں ایلون مسک نے ایکس پر اپنے فالوورز سے یہ سوال بھی کیا کہ کیا انہیں ایک نئی سیاسی جماعت بنانی چاہیے؟ادھر ایلون مسک کے درمیان اختلافات کی خبروں پر ٹیسلا کے حصص میں 14 فیصد تک کمی ہوگئی ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق ایلون مسک نےکہاہےامریکی صدرٹرمپ کامواخذہ ہوناچاہیے اور ٹرمپ کی جگہ جے ڈی وینس کوصدرتعینات کیاجانا چاہیے۔یاد رہے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کو سرکاری اخراجات میں کمی کے ادارے کی اہم ذمہ داریاں تفویض کی تھیں تاہم چند روز قبل ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ سے اختلافات کے باعث سرکاری عہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.