چین کا اسرائیل اور ایران سے فوری جنگ بند کرنے کا مطالبہ
چین نے اسرائیل اور ایران سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔چین کے نمائندہ نے سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کونسل دنیا میں امن کے قیام کی پابند ہے، امریکا نے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی، امریکا نے ایران کی خودمختاری، سلامتی کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو صورتحال میں انصاف کرنا چاہئے، چین کو تشویش ہے کہ صورتحال قابو سے باہر ہو جائے گی، فریق مذاکرات پر واپس آئیں، شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری امن کی اپیل پر توجہ نہیں دی گئی، امن کو موقع دینے کے بجائے ایران پر حملہ کیا گیا، خطے کے لوگ مزید تباہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ لڑائی روک کر جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات شروع کریں، سفارت کاری کو موقع دیں، شہریوں کی حفاطت کریں، ایران کی خود مختاری اور عالمی قوانین کا احترام کیا جائے، اقوام متحدہ امن کی ہر کوشش کی حمایت کرے گا۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، ہار نہیں مانیں گے، محفوظ سمندری راستوں کو یقینی بنایا جائے۔