غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس صیہونی حکومت مذاکرات، قطر میزبانی کریگا

0 111

غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں اور یرغمالی کی رہائی کے معاہدوں کیلئے قطر رواں ہفتے حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان بات چیت کی میزبانی کرے گا۔

مصری سکیورٹی ذرائع کے مطابق قطر میں رواں ہفتے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے صیہونی حکومت اور حماس وفد کے درمیان بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد صیہونی حکومت اور حماس کے نمائندے مصر جائیں گے جہاں معاہدے پر عملدرآمد کے وقت اور طریقہ کار پر بات چیت ہوگی۔

دوسری جانب صیہونی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اگر معاہدہ ہو جاتا ہے تو رفح آپریشن میں تاخیر ہو سکتی ہے مگر رفح آپریشن ضرورہوگا۔

ادھر امریکی قومی سلامتی مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت کے بغیر رفح آپریشن نہیں ہونا چاہیے۔

مزید برآں صیہونی فوج نے شمالی غزہ، خان یونس اور رفح میں بمباری کی جس کے نتیجے میں فلسطینی شہدا کی تعداد 30 ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ حماس سے لڑائی میں مزید 3 صیہونی فوجی افسر ہلاک ہوگئے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.