صیہونی حکومت 6 ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز پر آمادہ ہے: امریکی عہدیدار
غزہ میں صیہونی حکومت اور حماس کے درمیان جاری جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے حوالے سے امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی حکومت 6 ہفتوں کیلئے جنگ بندی کی تجویز پر آمادہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی حکومت اور حماس کے درمیان جلد ہی براہ راست مذاکرات کا امکان ہے، قاہرہ میں فریقین جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل پر بات کریں گے۔
صیہونی حکومت اور حماس کے درمیان مذاکرات سے متعلق امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ صیہونی حکومت 6 ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز پر آمادہ ہے۔
ایک طرف صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی جا رہی ہے تو وہیں دوسری جانب غزہ میں صیہونی وحشت ناک کارروائیوں میں کوئی کمی نہ آ سکی ہے۔
غزہ کے علاقوں دیرالبلح اور جبالیہ پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں مزید 17 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ صیہونی حکومت کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل پر پابندیوں کے باعث پیدا ہونے والی غذائی قلت سے اب تک دم توڑنے والے بچوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔