پاکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین کی خدمات کے اعتراف کی تیاریاں
پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خدمات انجام دینے والے ماہرین کی حوصلہ افزائی کےلیے صدارتی ایوارڈز اور قومی اعزازات دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں نامزدگیوں پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ماہرین کے نام زیر غور لائے گئے۔ خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت سائنسدان اور ماہرین عالمی معیار پر پورا اترتے ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی باصلاحیت پاکستانیوں کو نمایاں کرنے کے لیے شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سائنس اور تحقیق کے میدان میں نوجوان نسل کی شمولیت وقت کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان تحقیق اور جدت کے شعبے میں آگے بڑھ سکے۔
خالد حسین مگسی نے بتایا کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے سائنسدانوں اور ماہرین کو یومِ آزادی کے موقع پر اعزازات سے نوازا جائے گا، جبکہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت ماہرین کی خدمات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدارتی ایوارڈز کے ذریعے سائنسی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا، جو نوجوانوں کو تحقیق کے شعبے کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں خدمات انجام دینے والوں کو عزت دینا اور ان کی کامیابیوں کو تسلیم کرنا قومی ترقی کے لیے اہم ہے، اور اس سلسلے میں حکومت اپنی ذمے داری نبھاتی رہے گی۔