وطن عزیز میں تشیع اور مکتب اہلبیتؑ کی خدمت دینی فریضہ سمجھتے ہیں، شیخ ناصری
ہم ایک بار پھر نمائندہ ولی فقیہ علامہ سید ساجد علی نقوی (دام ظلہ) کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل وابستگی اور پختہ حمایت کا دو ٹوک اظہار کرتے ہیں
نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے اصولی اور ثابت قدم اسلامی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات متقاضی ہیں کہ چند باتیں اہل ایمان تک بہرصورت پہنچائی جائیں جن میں سے ایک بات تو روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم اسلامی سرزمین سمجھتے ہیں اور اس کی سالمیت ،امن اور استحکام کیلئے ہمہ وقت دُعاگو اور کوشاں ہیں جبکہ وطن عزیز میں تشیع اور مکتب اہلبیتؑ کی خدمت کو باعثِ عزت و سعادت جانتے ہوئے اسے جاری رکھنا اپنا دینی فریضہ سمجھتے ہیں۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ہم ایک بار پھر ولی فقیہ کے نمائندہ اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی (دام ظلہ) کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل وابستگی اور پختہ حمایت کا دو ٹوک اظہار کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ملت کی طاقت اتحاد میں ہے جبکہ اختلافات اور سازشیں کمزوری کا سبب بنتی ہیں، اس لیے ہم سب کو فتنے اور شبہات سے دور رہنے کی دعوت دیتے ہیں۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ہم اپنے تمام مومنین بھائیوں اور بہنوں کو نصیحت کرتے ہیں کہ وہ ہوشیار و بیدار رہیں ، عقل و تقویٰ کا دامن تھامے رکھیں، کسی سازشی آواز کا شکار ہوکر کسی شرپسند تحریک کا حصہ نہ بنیں۔ ہم نے اتحاد بین المومنین کا پیغام گھر گھر پہنچایا ہے اور اپنی توانائیاں ہمیشہ اتحاد و یکجہتی کیلئے صرف کی ہیں۔ علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ یہ ملک امن کا متقاضی ہے اور امن کے قیام کیلئے آپس کے اختلافات کو ہوا دینے والے لوگ ملت کیا ملک کے بھی خیرخواہ نہیں ہوسکتے ۔