غزہ، شہید فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہوگئی، اسرائیلی فوج کو زمینی کارروائی کیلئے گرین سگنل مل گیا

0 122

امریکی ٹی وی کے مطابق اسرائیل کی زمینی فوج کو غزہ میں کارروائی کے لیے گرین سگنل دیدیا گیا ہے جس کے بعد حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے عرب اورمسلم دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب مارچ کرے تاکہ مظلوم فلسطینیوں کو صیہونی جارحیت سے بچایا جائے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے رفاح میں بھی گھروں پربم برسائے جس میں 33 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اسرائیلی طیاروں نے الزیتون علاقے میں آرتھوڈوکس چرچ کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا جہاں سیکڑوں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں، یہ گرجاگھر اسی اسپتال کے ساتھ واقع ہے جہاں اسرائیلی فوج نے 500 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔

ادھر مغربی کنارے میں نورالشمس پناہ گزیں کیمپ پر حملے میں 12 فلسطینی شہید کیے گئے جب کہ خان یونس علاقے میں بمباری سے 7 فلسطینی موت کی آغوش میں گئے۔

جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر جمعرات کو بھی بمباری جاری رہی، غزہ کے علاقے کراما میں 14 منزلہ الاندلس ٹاور اور الزہرہ شہر میں تین بلند عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردی گئی ہیں۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہےکہ مجموعی طورپر مرنے والوں میں 1500 سے زائد بچے، ایک ہزار خواتین اور 120 بزرگ شامل ہیں جب کہ تباہ عمارتوں کی تعداد اس قدر زیادہ ہے کہ رضاکاروں کے لیے ملبے تلے دبے تمام افراد کونکالنا ممکن ہی نہیں رہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.