غزہ کی جنگ کا خطرناک دن، جنگ کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے، صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو

0 242

غاصب صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ جنگ میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت میں اضافے کے پیش نظر کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو غزہ جنگ کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ میں جمعہ سے آج صبح تک 14 غاصب اسرائيلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد نیتن یاہو نے آج اتوار کی صبح مذکورہ بات کہی۔ صیہونی وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ کی جنگ میں ایک خطرناک دن کے بعد آج کی صبح بہت مشکل رہی۔

نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ میں ہمیں بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے لیکن ہمارے پاس لڑنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے غزہ میں سخت جنگ اور صیہونی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کا اعتراف کیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس وقت جب صیہونی حکومت کے اندرونی حلقوں میں وزیر اعظم نیتن یاہو سے اقتدار چھوڑنے کے مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے، نیتن یاہو نے گزشتہ 24 گھنٹے میں صیہونی فوج کے بھاری نقصان کا اعتراف کیا۔

دریں اثنا، غاصب صیہونی فوج کے ترجمان نے باضابطہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ کل اور آج ہونے والی لڑائی میں ہماری فوج کے 14 دیگر افسران اور اہلکار مارے گئے ہیں جس سے غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد 485 ہوگئی ہے۔ صہیونی فوج نے اپنے 6 فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی خبر دی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.