حماس کا بڑا بیان، صیہونی حکومت کا وقت ختم ہو رہا ہے
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کا وقت تمام ہو رہا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے غزہ میں صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ کو ان کی زندگی اور موت کی بابت خبردار کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ وقت ختم ہو رہا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق القسام بريگيڈ کے بیان میں آیا ہے کہ قیدیوں کے اہل خانہ کے لیے، انتخاب آپ کے ہاتھ میں ہے، کیا آپ اپنے بچوں کو تابوتوں میں چاہتے ہیں یا زندہ؟
اپنے اہل خانہ اور بچوں کا انتظار کرنے والے اسرائیلیوں کے لئے القسام بریگیڈ کا یہ دوسرا مختصر اور فیصلہ کن پیغام کا حصہ تھا۔
القسام کا یہ پیغام ایسے وقت میں شائع ہوا ہے جب صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ جمعے 19 جنوری سے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے گھر کے سامنے خیمہ لگا کر دھرنا دے رہے ہیں اور وہیں پر "فوری معاہدہ” کے نعرے کے ساتھ رات گزار رہے ہیں۔
غزہ کے خلاف جنگ کے 70 ویں دن سے صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور جنگ جاری رکھنے کے مخالفین تل ابیب کے وسط میں واقع کاپلان اسکوائر پر متعدد بار جمع ہو چکے ہیں یا صیہونی وزارت جنگ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرے کر چکے ہیں۔
صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ کے نام اپنے پیغام میں حماس نے کہا کہ آپ کی حکومت جھوٹ بول رہی ہے۔