بنگلہ دیش، شاپنگ مال میں بھیانک آتش زدگی، کم سے کم 46 افراد کی موت

0 234

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک 6 منزلہ شاپنگ مال میں بھیانک آگ لگنے سے کم از کم 46 افراد کی موت ہوگئی اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں جمعرات کی رات دیر گئے ایک 6 منزلہ شاپنگ مال میں شدید آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 46 افراد کی موت ہونے کی خبر ہے۔ اس بھیانک حادثے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

گرین کوزی کاٹیج شاپنگ مال میں آگ پہلے، پہلی منزل پر واقع ایک بریانی ریسٹورینٹ میں لگی، اس کے بعد آگ دوسری جگہوں تک پھیل گئی۔ آگ بجھانے والے 13 یونٹوں نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔

زیادہ تر افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے جب کہ دیگر افراد کی موت عمارت سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ زخمیوں کو 2 سرکاری ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

فائر سروس کے ایک اعلیٰ عہدہ دار بریگیڈیئر جنرل معین الدین نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ گیس لیک ہونا یا چولھا ہوسکتا ہے، یہ ایک خطرناک عمارت تھی جس کی ہر منزل پر گیس سلنڈر تھے، یہاں تک کہ سیڑھیوں پر بھی۔

ادھر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اس دردناک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو زخمیوں کے فوری علاج کا حکم دیا ہے، حکومت نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک پانچ رکنی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.