فلسطین مزاحمتی فورس کا صیہونی فوجیوں کی چیک پوسٹ پر حملہ
فلسطینی مجاہدین اس فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد صحیح و سالم واپس لوٹ آئے
رملہ(شوریٰ نیوز)فلسطین مزاحمتی فورس کا صیہونی فوجیوں کی چیک پوسٹ پر حملہ، فلسطینی مجاہدین اس فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد صحیح و سالم واپس لوٹ آئے تفصیلات کے مطابقفلسطین الیوم کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی فورس کے مجاہدین نے نابلس شہر کے جبل جرزیم علاقے میں صیہونی فوجیوں کی ایک چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی مجاہدین اس فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد صحیح و سالم واپس لوٹ آئے۔اس دوران فلسطینی ذرائع نے کہا ہے کہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے میں صیہونیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا ہے۔صیہونی حکومت سے وابستہ ذرائع نے آج صبح اعلان کیا کہ صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کی کہ جو بقول ان کے الخلیل کے جنوب میں ایک صیہونی کالونی میں صیہونیت مخالف کارروائی کرنے کی کوشش میں تھا۔اخبار یدیعوت احارونوٹ نے حال ہی میں لکھا تھا کہ فلسطینی روزانہ صیہونیوں کے خلاف کئی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں اور ان کارروائیوں کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔اسرائیل کی فوجی انٹیلی جنس کے سابق سربراہ اور داخلی سیکورٹی اسٹڈیز سینٹر کے صدر عاموس یادلین نے بھی حال ہی میں صیہونی کالونیوں میں رہنے والے لوگوں پر فلسطینی مجاہدین کی کارروائیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کارروائیاں انجام دینے کے لیے فسطینیوں میں ہمیشہ محرک اور جذبہ موجود رہا ہے لیکن یہاں ہم فلسطینی نوجوانوں کی ایک اور قسم کو دیکھ رہے ہیں۔دوسری جانب غاصب صیہونی فوجیوں نے نابلس شہر کے جنوب میں واقع عرق بورین گاؤں پر حملہ کیا۔ اس کے علاوہ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ قدس کے شمال میں واقع شہر بیت حنینا پر بھی حملہ کیا۔ اس موقع پر فلسطینیوں سے ان کی جھڑپ بھی ہوئی۔دریائے اردن کے مغربی کنارے میں مزاحمتی فورسز کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں کہ جن میں اب تک دسیوں صیہونی ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں، صیہونی حکومت کی کابینہ میں خوف و ہراس اور تشویش کا باعث بنی ہیں کیونکہ ان کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ پٹی کا ہر طرف سے محاصرہ نہ صرف مزاحمت کو ختم کرنے کا سبب نہیں بنا ہے بلکہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کا علاقہ بھی مزاحمت میں شامل ہونے اور غزہ پٹی کے راستے پر چل پڑا ہے۔دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مسجد الاقصی میں صیہونیوں کی دراندازی اور گستاخی کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینیوں سے مسجد الاقصی میں بڑی تعداد میں آنے کی اپیل کی ہے۔ حماس نے ایک بیان میں ملت فلسطین سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد الاقصی کے دفاع اور اس کی حفاظت کے لیے جمعہ کے روز بڑی تعداد میں مسجد الاقصی میں آئیں اور وہاں پر اعتکاف میں بیٹھیں۔حماس نے اس بیان میں عرب اور اسلامی امتوں اور قوموں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ملت فلسطین کی اپنی سرزمین کو آزاد کرانے اور اپنے مقدسات کی حفاظت کے لیے اس کی جائز اور قانونی جدوجہد اور استقامت کی حمایت اور دفاع کے لیے فوری اور موثر اقدام انجام دیں۔