داعش نے افغانستان میں ہونیوالے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی
بدخشان میں صوبائی امیر کے معاون کے لئے فاتحہ خوانی کے دوران شرکاء کو بم دھماکہ کرکے نشانہ بنایا گیا تھا
کابل(شوریٰ نیوز)داعش نے افغانستان میں ہونیوالے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ، بدخشان میں صوبائی امیر کے معاون کے لئے فاتحہ خوانی کے دوران شرکاء کو بم دھماکہ کرکے نشانہ بنایا گیا تھا تفصیلات کے مطابق نیوز چینل طلوع نے خبر دی ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش نے افغانستان کے شمالی صوبے بدخشان میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ یاد رہے کہ صوبہ بدخشان میں صوبائی امیر کے معاون کے لئے فاتحہ خوانی کے دوران شرکاء کو بم دھماکہ کرکے نشانہ بنایا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ صوبہ بدخشان کے مرکز فیض آباد میں اس وقت پیش آیا جب شہر کے اندرونی علاقے میں واقع مسجد نبوی میں صوبائی امیر کے معاون کے لئے فاتحہ خوانی کی محفل ہورہی تھی۔معتبر ذرائع نے کہا ہے کہ دھماکے کے وقت طالبا کے اعلی رہنما بھی موجود تھے۔ دھماکہ مسجد کے اندر ہونے کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ اسپوٹنک کے مطابق دھماکے میں کم از کم 16 ہلاک ہوگئے ہیں۔اس سے پہلے بی بی سی نے خبر دی تھی کہ دھماکے میں سیکورٹی ایجنسی کے اعلی عہدیدار حاجی اکرم خان اور جنرل ضیاء الحق ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس علاوہ بدخشان کے محتسب مولوی جمیل سمیت اہم عہدیدار زخمی ہوگئے ہیں۔صوبہ بدخشان میں اس سے پہلے بھی طالبان رہنماوں پر حملوں کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ جنوری میں طالبان کی پولیس کے سربراہ عبدالحق ابو عمر کو موٹر سائیکل میں نصب بم کے ذریعے قتل کردیا تھا۔