ایران، دہشتگردی کے خلاف مہم بارے تجربات شیئر کرنے کیلئے تیار
ایران نے خطے میں امن و آشتی کو مستحکم بنانے میں اپنے بنیادی کردار کو ثابت کر دیا ہے،رئیسی
تہران(شوریٰ نیوز) ایران، دہشتگردی کے خلاف مہم بارے تجربات شیئر کرنے کیلئے تیار،ایران نے خطے میں امن و آشتی کو مستحکم بنانے میں اپنے بنیادی کردار کو ثابت کر دیا ہے،شنگھائی تعاون تنظیم کے ورچوئل سربراہی اجلاس سے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران کو مستقل رکنیت ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس تنظیم کی عالمی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ایران کی رکنیت تاریخ ساز ثابت ہو گی ۔صدر مملکت نے ون روڈ ون بیلٹ اور شمال جنوب کوریڈور منصوبوں کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی جغرافیائی پوزیشن کے پیش نظر ان منصوبوں کی تکمیل میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران نے گزشتہ دوعشروں کے دوران دہشتگردی، انتہا پسندی اور بیرونی طاقتوں کی تسلط پسندانہ مداخلت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران نے خطے میں امن و آشتی کو مستحکم بنانے میں اپنے بنیادی کردار کو ثابت کر دیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ایران، دہشتگردی، انتہا پسندی اور بیرونی سازشوں کے خلاف مہم کے حوالے سے اپنے تجربات تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کیلئے تیار ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کا ورچوئل اجلاس آج منعقد ہوا جس میں ہندوستان اور پاکستان کے وزراء اعظم اور چین و روس کے صدور نے ایران کی مستقل رکنیت پر مبارکباد دی۔