حج امتِ مسلمہ کیلئے وحدت اور بیداری کا عظیم درس ہے، آیت اللہ یعقوبی

0 31

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے فلسفۂ حج پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ حج صرف عبادات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت تربیتی، فکری اور اجتماعی پروگرام ہے جو امتِ مسلمہ کیلئے وحدت اور بیداری کا عظیم درس ہے۔ حج ایک عظیم عبادت ہے جس میں نماز، دعا، ذکر، قربانی اور طواف جیسے اعمال شامل ہیں جو بندے کو اللہ سے مربوط کرتے ہیں۔ حج صبر، استقامت، عاجزی، قربانی، اخلاص، نظم و ضبط، اور ایثار کی تربیت کا باعث بنتا ہے۔حجاج کو مختلف مراحل سے گزرنے کے دوران معاشرتی پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اوصاف کو اپنی ذات میں جذب کرنا ہوتا ہے۔

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ حج انسان کو دعوتِ فکر دیتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کا جائزہ لے، اپنی کوتاہیوں کو سمجھے، اللہ کے احکام کو سمجھے اور ان پر غور کرے۔ یہ شعور دیتا ہے کہ دنیاوی زندگی عارضی ہے اور اصل کامیابی آخرت میں ہے۔اُنہوں نے وضاحت کی کہ حج میں انسان کو اپنی انا، غرور اور دنیاوی وابستگیوں سے آزاد ہو کر خالصتاً اللہ کے حضور پیش ہونا سکھایا جاتا ہے۔

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ احرام کی حالت میں انسان دنیاوی تفریق (جیسے لباس، مال، حیثیت) کو چھوڑ کر برابری کا عملی مظاہرہ کرتا ہے، عرفات میں کھڑے ہو کر توبہ و التجا کے ذریعے اپنی روح کو پاک کرتا ہے، اور بیت اللہ کے گرد طواف کر کے اپنی زندگی کا مرکز اللہ تعالی کی ذات کو بناتا ہے۔حج عالمی اجتماع ہے جہاں مختلف رنگ، نسل، زبان، اور علاقوں سے آئے ہوئے مسلمان ایک لباس (احرام) میں، ایک نعرے کے ساتھ، ایک مقصد کیلئے جمع ہوتے ہیں جو مسلمانوں کے اتحاد، برابری، اخوت، اور عالمی بھائی چارے کی عملی تصویر ہے۔

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ حج نہ صرف روحانی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ ایک ایسا جامع نظام تربیت ہے جو فرد کی شخصیت سازی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کی اجتماعی فکری بیداری اور وحدت کا مظہر بھی ہے۔مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے اس بات پر زور دیا کہ حج کا پیغام صرف ذاتی عبادت تک محدود نہیں، بلکہ اُمتِ مسلمہ کو وحدت، اخوت، قربانی اور ظلم کے خلاف قیام کا درس دیتا ہے۔ اُن کے مطابق، آج جب دنیا میں مسلمان مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، حج کے فلسفے کو سمجھ کر اجتماعی شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے تمام اہل ایمان کو دعوت دی کہ وہ حج کے باطنی اسرار و معانی کو سمجھیں اور اسے اپنی فردی و اجتماعی زندگی میں نافذ کریں، تاکہ حج ایک زندہ اور متحرک قوت بن کر اُمت کی بیداری کا ذریعہ بن سکے۔

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ حاجی نہ اپنی مرضی سے کپڑے پہنتا ہے، نہ خوشبو لگاتا ہے، نہ شکار کرتا ہے یہ سب اس بات کی علامت ہے کہ حاجی اللہ کے حکم کا مکمل تابع ہو چکا جہاں وہ صرف حکم الہیٰ کی پیروی کا پابند ہے ۔مساوات ایسی کہ لاکھوں مسلمان ایک ہی لباس میں، ایک ہی نعرے کے ساتھ، ایک ہی سمت میں اللہ کی عبادت کرتے نظرآتے ہیں  یہ فرداً فرداً اور اجتماعی طور پر اللہ کی بندگی کا عظیم مظاہرہ ہے۔حج ایک زندہ تربیت گاہ ہے جہاں مسلمان عملاً سیکھتا ہے کہ اللہ کی بندگی کیا ہے، اور اطاعت کیسے کی جاتی ہے۔

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد یعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ حج انسان کو اپنے رب کے سامنے کھڑا کر دیتا ہےخاص طورجب لاکھوں مسلمان ایک میدان میں سادہ لباس میں، اپنے گناہوں پر پشیمان نظر آتے ہیں  اور اپنے خالق حقیقی سے معافی کے طلب گار ہوتے ہیں  تو یہ کیفیت انسان کے دل کو بدل کر رکھ دیتی ہے۔یہی وہ وقت ہوتا ہے جب انسان کو اپنی زندگی کو اسلام کے اُصولوں پر کاربند رہنے کا سبق ملتا ہے جو اسی عزم کے ساتھ واپس لوٹتے ہیں کہ اب باقی ماندہ زندگی حقیقی مسلمان کے طور پر گزاروں گا تو خدا اُنہیں استقامت بھی عطا کرتا ہے۔ خدا تمام عالم اسلام کو متحد کرے اور حج کا یہ اجتماع آپس کے اختلافات کے خاتمہ کا باعث بنے تاکہ تمام مسلمانوں کو فتح و نصرت نصیب ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.