اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف بڑا مظاہرہ، جنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی کا مطالبہ زور پکڑ گیا

0 7

اسرائیل میں نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلی ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے نیتن یاہو حکومت سے غزہ میں جنگ بندی معاہدہ مکمل کرنے اور یرغمالیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی پالیسیوں نے ملک کو بحران میں دھکیل دیا ہے۔

دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، 24 گھنٹے میں مزید 30 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپوں، خیموں اور گھروں کو نشانہ بنایا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی شجاعیہ میں گھر پر بمباری سے 10 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

دراج محلے میں شہریوں پر ڈرون حملے میں 4 اور زیتون میں 2 فلسطینی شہید ہوئے۔ خان یونس میں رہائشی مکان پر حملے میں 11 اموات ہوئیں۔

ادھر رفح میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

7 اکتوبر 2023 سے فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 52 ہزار 495 تک پہنچ گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق 2 ماہ سے جاری اسرائیلی محاصرے سے غزہ میں غذائی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ غزہ شہر کے اسپتال میں غذائی کمی کا شکار بچی انتقال کرگئی۔

غذائی قلت سے ہونے والی اموات کی تعداد 57 ہوگئی۔ حماس نے اسلامی دنیا سے ایک بار پھر مدد کی اپیل کی ہے۔ حماس نے بیان میں کہا کہ غزہ میں ہونے والے قتل عام اور قحط رکوانے کے لیے مسلم ممالک اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.