پہلگام حملے کے بعد پاکستان پر جھوٹے الزامات، بھارتی عوام مودی پر برس پڑے

0 4

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا گیا جس کے خلاف اب بھارتی عوام بھی مودی سرکار کے خلاف کھل کر بول رہی ہے۔

بھارتی شہری کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اسے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کے تیر چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں شہری کا کہنا تھا کہ مودی کو سعودی عرب کے دورے سے ایمرجنسی واپسی پر مقبوضہ کشمیر جانا چاہیے تھا مگر وہ ریاست بہار چلےگئے۔

شہری نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی کے گھر حادثہ ہو جائے تو اس کے گھر جانا چاہیے یا پھر اپنے گھر؟

دوسری جانب اسی حوالے سے سیاسی تجزیہ کار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا پہلگام فالس فلیگ آپریشن بھارتی عوام کو بھی بے وقوف بنانے میں ناکام رہا تو دنیا کو کیسے بے وقوف بنا سکتا ہے؟

مودی انتہا پسند اور خطرناک ذہنیت کے ساتھ بھارت پر مسلط ہے، مودی صرف اپنے ذاتی مفادات اور اقتدار کی ہوس کے لیے بھارت کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی

یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد بھارت نے بنا کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کردیا۔

تاہم پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی ناصرف مذمت کی گئی بلکہ وزیراعظم شہباز شریف نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر بھارت معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروانا چاہتا ہے تو پاکستان ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کارروائی کی گیدڑ بھپکیاں بھی دی جارہی ہیں تاہم پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت یہ واضح کرچکی ہےکہ کسی بھی مہم جوئی کا بھارت کو ایسا جواب دیا جائے گا جو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.