گورنر خیبر پختونخوا کی عید کے دوران اپنے آبائی گاؤں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت
گورنر خیبر پختونخوا نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( پیسکو ) کو عید کے ایام میں اپنے آبائی گاؤں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے عید پر اپنے لیے لوڈ شیڈنگ سے بچنے کا بندوبست کرلیا ، انہوں نے پیسکو چیف کو ہدیت کی ہے کہ عید کےدوران انکےآبائی گاوں میں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔
گورنر سیکریٹریٹ سے پیسکو چیف کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ 6 جون سے 10 جون تک گورنر فیصل کریم کنڈی آبائی علاقہ میں قیام کریں گے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر کے آبائی علاقہ میں قیام کے دوران منڈھرہ فیڈر ڈی آئی خان پر لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں، پشاور میں 15 گھنٹوں تک جبکہ دیہی علاقوں میں 20 سے 22 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔