ڈراما ڈائریکٹر نظام الدین گیلانی اسلام آباد میں قتل
ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈراما سیریل ’نیم‘ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نظام الدین گیلانی فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوگئے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ہم ٹی وی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نظام الدین گیلانی کو مبینہ طور پر ان کے کزن نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس کے مطابق نظام الدین گیلانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کرلی اور ملزم کی شناخت بھی کرلی گئی، تاہم قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے قتل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور پولیس شواہد اکٹھے کررہی ہے۔نظام الدین گیلانی ہم ٹی وی کے معروف ڈراما ’نیم‘ سمیت کئی کامیاب پراجیکٹس کا حصہ رہے ہیں، ان کی اچانک موت نے میڈیا انڈسٹری کو صدمے میں مبتلا کردیا۔اداکار امیر گیلانی، جو ’نیم‘ میں ان کے ساتھ کام کرچکے ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ نظام الدین گیلانی ہمارے اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے، بہت سادہ اور پیارے انسان، یہ دنیا کہاں جا رہی ہے؟ بہت افسوس ہوا۔
نظام الدین گیلانی کی یاد میں بہت جلد ہم ٹی وی کی جانب سے ایک تعزیتی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جہاں ان کے ساتھی اور دوست ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کریں گے۔