پاکستان اور امریکہ میں تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

0 6

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت سے ورچوئل بات چیت میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق ورچوئل ملاقات میں امریکی ٹیرف سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔

حکام نے بتایا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی، پاکستان اور امریکہ نے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تکنیکی سطح پر مزید تفصیلی بات چیت جلد متوقع ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں نیشنل ورکشاپ آن ٹرانزیشننگ ٹو ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن سکیمز سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کسی بھی ممکنہ اثر سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس کیا، جس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کے وافر ذخائر موجود ہیں، اثاثہ جات کی تمام اقسام کی قیمتوں پر مکمل نظر ہے اور ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہم تیار ہیں، اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو ہم اقدامات کے لیے اچھی پوزیشن میں ہیں، اور اُمید ہے کہ ایسا نہ ہو۔‘

محمد اورنگزیب نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے توانائی، سرکاری اداروں اور ٹیکس نظام میں جاری ساختی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس بار ہم نے ٹیرف میں بنیادی اصلاحات کی ہیں تاکہ معیشت کو مسابقتی بنایا جا سکے اور ہماری برآمدی صنعت ترقی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قرضوں کی ادائیگی کی لاگت کو کم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پنشن کی ادائیگیاں ایک کھرب روپے سے تجاوز کر چکی ہیں، جو کہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.