کراچی میں مسلسل زلزلے، نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر نے وجہ بتادی

0 4

نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر نے کہا ہے کہ کراچی میں غیرمعمولی تعداد کے زلزلے فالٹ کے اندر ٹیکٹونک تناؤ(پلیٹوں کی حرکت) کے قدرتی اخراج کی عکاسی کررہے ہیں، لانڈھی فالٹ لائن کا فعال ہونا ان زلزلوں کی اصل وجہ ہے۔محکمہ موسمیات کے نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق اسلام آباد اور کراچی نے شہر کے علاقوں میں محسوس کیے جانے والے حالیہ مائیکرو زلزلوں کی حالیہ سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی ہے، یکم جون سے محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما سینٹر نے کراچی میں کم شدت کے حامل 57 زلزلے ریکارڈ کیے ہیں، یہ زلزلے ریکٹر اسکیل پر 1.5 سے 3.8 کے درمیانی شدت کے حامل تھے، لانڈھی فالٹ لائن کا فعال ہونا ان زلزلوں کی اصل وجہ ہے۔

ترجمان نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق یہ غیر معمولی تعداد خطے کے فالٹ سسٹم کے اندر ٹیکٹونک تناؤ کے قدرتی اخراج کی عکاسی کرتا ہے، زلزلے کے فعال علاقوں میں یہ جھٹکے معمولی اور عام ہیں، ان میں سے زیادہ تر واقعات 70 کلومیٹر کی گہرائی میں ریکارڈ ہوئے، یہی وجہ ہے کہ انہیں شہر کے مختلف علاقوں میں رہنے والوں نے شدت کے اعتبار سے ہلکا محسوس کیا۔

ترجمان کے مطابق یہ زلزلے خطے میں مقامی فالٹ سسٹم کے ساتھ قدرتی ٹیکٹونک حرکت کا نتیجہ ہیں، شہر کراچی، ہندوستانی اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم کے قریب واقع ہے جہاں چھوٹے پیمانے پر دباؤ کا جمع ہونا کبھی کبھار اس طرح کے معمولی زلزلوں کے اخراج کا سبب بن سکتا ہے، یہ ٹیکٹونی طور پر فعال علاقوں میں عام ارضیاتی مشاہدے سمجھے جاتے ہیں اور کسی رونما ہوئے بڑے زلزلے کی نشاندہی نہیں کرتے۔

نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق مقامی جغرافیائی حالات، نرم مٹی، زمین کی سطح کی ہمواری اور غیر منظم طریقوں سے زیر زمین پانی کا حصول ان عوامل کی اثرپذیری کا سبب بن سکتا ہے، مشاہدہ کیے گئے اعداد وشمار اورنمونوں کی بنیاد پر جانچ پڑتال کے دوران کسی بڑے زلزلے کے فوری خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی تاہم تمام فعال علاقوں میں کبھی کبھی ہلکے زلزلوں کی صورت میں اس قسم کی صورتحال بنتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ٹیم زلزلے کے اعداد وشمارکا مسلسل تجزیہ کررہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کسی بھی غیرمعمولی سرگرمی کا بروقت پتا چل جائے، عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ گھبرائیں نہیں یہ جھٹکے غیرمعمولی نہیں ہیں اور خوف کا باعث نہیں ہونا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.