محرم الحرام رواداری، تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے، شیخ ناصری
نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہمحرم الحرام ہمیں رواداری ،تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے،ماہ محرم الحرام ایسا اسلامی مہینہ ہے جس کااحترام کرنے کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے۔ موجودہ دگرگوں ملکی حالات کے پیش نظر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آپس میں اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد اور یکجہتی کامظاہرہ کرتے ہوئے متحد ہو جائیں۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں جان بوجھ کر ان دنوں میں فرقہ پرستی کی آڑ میں فسادات اور قتل و غارت کا بازار گرم کرنے کی کوشش کرتی ہیں ہمیں ملکر اُن کے ناپاک عزائم اور سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی کہ بحیثیت پاکستانی ملت اسلامیہ اور بحیثیت شیعہ ملت جعفریہ میں اتحاد قائم ہو تاکہ کوئی بھی فتنہ سر اُٹھانے کے قابل ہی نہ رہے کیونکہ دین اسلام اور قرآن نے تفرقہ بازی کو سخت ناپسند کیا ہے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ محرم الحرام جہاں ہمیں ایثار کا درس دیتا ہے وہیں ہمیں آپس میں اتحاد کے ذریعے اُسوہ شبیری کو اپنانے کی طرف راغب کرتا ہے تاکہ ہم حقیقی طور پر اہلیبیت کے محب بنیں اور محمد و آلِ محمد کے مشن کو آگے لے کر چلیں۔
شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ شہادت امام حسین علیہ السلام کا محض تذکرہ کافی نہیں بلکہ اُسوہ شبیری پر عمل پیرا ہونے کا نام اسلام ہے عصر حاضر کا تقاضا ہے کہ ہم ذکر اہلبیت اور فرامین معصومین علیھم السلام کے ذریعے عزاداری کے ساتھ ساتھ روحِ عزا تک پہنچنے کی کوشش کریں۔