ڈالر اسمگلنگ کیخلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن ،سینکڑوں افراد گرفتار

0 132

رواں سال جنوری سے لے کر ابتک ایف آئی اے نے 257 چھاپے مارکر 361 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ ہنڈی حوالہ و کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے ملزمان کے خلاف 250 مقدمات درج کیے گئے۔

ڈالر کی بڑھتی قیمت و پاکستانی روپے کی بے قدری پر قابو پانے کے لئے ایف آئی اے نے کرنسی ایکسچینج کا غیرقانونی کاروبار کرنے والوں سمیت ہنڈی حوالہ اور ڈالر ذخیرہ کر نے والے عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ۔

ہنڈی حوالہ و کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے ملزمان کے خلاف 30 انکوائریاں بھی رجسڑڈ کی گئیں۔ انکوائریز کے دوران الزامات ثابت ہونے پر 26 مزید مقدمات درج کیے گئے۔

کریک ڈاون کے دوران رواں سال جنوری سے ابتک مجموعی طور پر 4 لاکھ 78ہزار 620 امریکن ڈالر برآمد کیے گئے جبکہ چھاپوں کے دوران 177 ملین روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔ جنوری سے جاری کریک ڈاون کے دوران مجموعی طور پر 3 بلین روپے سے زائد کی غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی۔

اسی طرح ماہ اگست 2023 سے حوالہ ہنڈی و کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف مزید تیزی لائی گئی اور 15 اگست سے ابتک حوالہ ہنڈی و کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون میں 48 چھاپے مارے گئے، چھاپوں کے دوران 59 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ہنڈی حوالہ و کرنسی کا غیرقانونی دھندہ کرنے والوں کے خلاف 48 مقدمات درج کیے گئے جبکہ کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے و ہنڈی حوالہ والوں کے خلاف 11 انکوائریز بھی رجسڑڈ کی گئیں۔ انکوائریز میں الزامات ثابت ہونے پر 9 مزید مقدمات بھی درج کر لیے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.