مالی سال کا آخری مہینہ،ایف بی آرکوریکارڈ ٹیکس جمع کرناہوگا

11 ماہ میں گذشتہ مالی سال کی نسبت 28.5 فیصد محاصل جمع کرنا ہونگے

0 288

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے11 ماہ میں گذشتہ مالی کی نسبت ساڑھے 28 فیصد محاصل جمع تو کرلئے لیکن ہدف کا حصول اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے، جس کیلئے ایف بی آر کو مالی سال کے آخر مہینے میں 750 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کرنا ہوگا۔

مالی سال2021-22 کا آخری مہینہ شروع ہوچکا ہے لیکن ایف بی آر ٹیکس ریونیو کے ہدف سے اب بھی 751 ارب روپے کی دوری پر ہے۔

گذشتہ مالی سال کی نسبت 28.4 فیصد اضافے کے ساتھ 11 ماہ میں اگرچہ 5 ہزار 349 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں لیکن لگ بھگ 486 ارب روپے ماہانہ جمع کرنے کی یہ کارکردگی آخری مہینے میں نہیں چلے گی۔

ماہ جون میں ایف بی آر کے پاس 25 ارب روپے یومیہ جمع کرکے ٹارگٹ حاصل کرنا ہے مشکل چیلنج ہے۔

ایف بی آر کے مطابق مئی میں 490 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 26.8 فیصد زیادہ ہے۔ مئی 2021 میں 387 ارب روپے جمع کیے گئے تھے جبکہ مئی میں 30 ارب 40 کروڑ روپے کے ریفنڈز بھی جاری کئے گئے۔

مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 295 ارب 50 کروڑ روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے 31.8 فیصد زیادہ ریفنڈز دیئے گئے۔

پیٹرولیم پر سیلز ٹیکس اور لیوی زیرو کرنے سے صرف مئی میں 45 ارب روپے کا ریونیو نقصان ہوا جب کہ عام آدمی کو ضروری اشیاء پر دیئے گئے ٹیکس ریلیف سے ہونے والا خسارہ اس کے علاوہ ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.