غزہ کے الشفا اسپتال پر صیہونی فوج کا سفاکانہ حملہ
خبروں کے مطابق جارح صیہونی حکومت نے الشفا ہسپتال پر حملوں کا آغاز کردیا ہے۔
الشفا ہسپتال سے صیہونی ٹینکوں کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی غزہ کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس غاصب حکومت نے سرکاری طور پر اعلان کیا ہےکہ وہ چند منٹوں بعد اس ہسپتال پر حملے اور اس میں داخل ہونے کا اراداہ رکھتی ہے جبکہ اس ہسپتال میں اس وقت طبی عملے سمیت پندرہ سو پناہ گزيں موجود ہیں۔
المیادین چینل نے اپنے نامہ نگارکےحوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ صیہونی فوجی اپنے ٹینکوں کے ساتھ مغربی غزہ میں واقع الشفا ہسپتال کے داخلی دروازوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے غزہ کے وزیر صحت منیر البرش سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتےہوئے کہا ہے کہ کچھ دیر بعد صیہونی فوجی اس ہسپتال میں داخل ہوجائیں گے۔
الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بھی اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج نے اس ہسپتال پر اپنے حملے شروع کردیئے ہيں۔ غزہ کے الشفا ہسپتال پر صیہونی فوج کے حملے کے آغاز سے اس ہسپتال کے ساتھ تمام رابطے منقطع ہوگئے ہيں اور یہ ہسپتال مکمل تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس ہسپتال میں پندرہ سو طبی عملے کے افراد اور پناہ گزیں موجود ہیں۔
روئیٹرز نے بھی اپنی رپورٹ میں خبر دی ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ پر حملہ شروع کردیا ہے۔