الشفااسپتال پر صیہونیوں کی چڑھائیاں، مریضوں کی اموات میں اضافے کا خدشہ

0 109

غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا اسپتال پر اسرائیلی افواج کی لگاتار کارروائیوں کے باعث ڈاکٹروں اور طبی عملے نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

 

الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلامیہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں سے الشفا اسپتال کا کنٹرول قابض افواج کے ہاتھ میں ہے، ہم مریضوں کی اموات کی شرح میں کمی کے منتظر ہیں تاہم ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اسپتال میں داخل مریضوں کی اموات میں اضافے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

 

ادھر فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صیہونی افواج نے الشفا اسپتال کے مختلف حصوں کو مکمل تباہ کردیا ہے، صیہونی فوجی شہید فلسطینیوں کی لاشیں بھی اٹھا کراپنے ساتھ لے گئے ہیں ۔

 

افواج کی جانب سے اسپتال کے احاطے میں گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے، اسرائیلی افواج الشفا اسپتال سے مریضوں یا طبی عملے کے محفوظ انخلا کی راستے بند کر رہی ہیں۔

 

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ الشفا اسپتال میں پانی، کھانا اور اسپتال میں داخل بچوں کیلئے دودھ کی شدید ترین قلت پیدا ہو گئی ہے، اسپتال پر اسرائیلی بمباری سے کم از کم 7 ہزار افراد پناہ گاہ سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔

 

دوسری جانب  صیہونیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابھی تک ان کے کمانڈر وں کا  الشفا اسپتال میں سرچ آپریشن جاری ہے، اسرائیلی افواج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے اسپتال سے منسلک سرنگ کا پتا لگا لیا ہے، اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ حماس الشفا اسپتال کو اپنے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.