صیہونی حکومت کی غزہ میں ایک روز کے دوران 13 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

0 205

صیہونی حکومت نے ہفتےکے روز غزہ میں زمینی کارروائیوں کے دوران اپنے مزید 13 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

صیہونی میڈیا کے مطابق صیہونی حکومت ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں سے لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے اپنے 8 فوجیوں کے نام بھی جاری کر دیے ہیں جس میں سے 4 کا تعلق سیونتھ آرمرڈ بریگیڈ سے ہے جو جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران مارے گئے۔

آئی ڈی ایف کے مطابق غزہ میں جنگ کے دوران 5 فوجی شدید زخمی بھی ہوئے جبکہ صیہونی فوج نے اس سے قبل گزشتہ روز مارے گئے 5 فوجیوں کی شناخت بھی ظاہر کی تھی۔

صیہونی حکومت نے بھی حماس کے اہم رہنما حسن الاطرش کو فضائی حملے میں قتل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ حسن الاطرش حماس کو اسلحہ فراہم کرنے کے ذمہ دار تھے۔

ادھر صیہونی حکومت کے دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں افراد نے نیتن یاہو حکومت کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی اور حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری طور پر معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

صیہونی میڈیا کے مطابق غزہ میں جاری زمینی کارروائیوں کے دوران اب تک 152 صیہونی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ حماس کی جانب سے جنگ کے دوران سینکڑوں صیہونی فوجی گاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صیہونی حکومت فورسز کی غزہ میں کارروائیوں کے دوران اب تک 20 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 52 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.