غزہ میں جنگ بندی کے لئے قاہرہ مذاکرات بے نتیجہ ختم، صیہونیوں کی ہٹ دھرمی
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات صیہونیوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہو گئے ہیں۔
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لئے معاہدہ طے کرنے کی غرض سے قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات صیہونی حکومت کی طرف سے مشکلات کھڑی کرنے کے باعث بے نتیجہ ہی ختم ہو گئے۔
قاہرہ مذاکرات میں غاصب صیہونی حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی، غزہ پٹی سے انخلا اور فلسطینی قیدیوں کی ان کے گھروں کو غیر مشروط واپسی کے، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے مطالبات قبول نہیں کئے۔
ادھر غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران غزہ کی پٹی میں فلسطینی خاندانوں کے خلاف نسل کشی کے 9 جرائم کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں 83 افراد شہید اور 142 زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران غزہ کی پٹی پر غاصب صیہونی حکومت کی فوج کے حملوں میں اب تک تقریباً 31 ہزار فلسطینی شہید اور 73 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔
عالمی برادری غزہ کی پٹی میں جنگ بندی چاہتی ہے لیکن غاصب صیہونی حکومت اور امریکہ اس علاقے میں جنگ بندی کے قیام کے خلاف ہیں۔