رفح: صیہونی حکومت کی محفوظ قرار دیے گئے علاقے پر بمباری، درجنوں فلسطینی زندہ جل کر شہید

0 98

 

رفح میں صیہونی فوج نے اقوام متحدہ کی جانب سے محفوظ قرار دیے گئے کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی زندہ جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہو گئے۔

 

صیہونی بمباری سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی جس میں بڑی تعداد میں شہادتیں آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں، شہدا میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں مقیم ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق آگ میں جھلسنےکے باعث کئی افراد کی حالت نازک ہے، شہداء کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق صیہونی حکومت نے غزہ میں یو این کیمپوں پر دسواں حملہ کیا ہے، 24 گھنٹوں میں 230 سے زائد فلسطینیوں کا قتل عام کیا گیا، اس سے قبل صیہونی حکومت نے جبالیہ، نصیرت اور غزہ سٹی میں کیمپوں پر حملوں میں 160 فلسطینیوں کا قتل کیا۔

 

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ رفح میں کیمپ پر 900 کلو سے زائد وزنی بموں کا استعمال کیا گیا۔

 

مصری حکام سے زخمیوں کو نکالنے کےلیے ایمبولینسز بھیجنے کی اپیل کی گئی ہے۔

 

صیہونی حکومت کا دعویٰ ہے کہ صیہونی طیاروں نے رات رفح میں حماس کے ایک کمپاؤنڈ پر حملہ کیا، حملےکے مقام پر حماس کے اہم ارکان ٹھہرے ہوئے تھے تاہم حملے سے دو روز پہلے ہی عالمی عدالت نے صیہونی حکومت کو رفح میں فوجی کارروائی سے روکا تھا۔

 

واضح رہے کہ غزہ میں صیہونی حملوں میں اب تک 36 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

 

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.