صیہونی دشمن کے جہازوں کو نشانہ بناتے رہیں گے،انصاراللہ یمن
یمن کی انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہم بیت اللہ الحرام کے زائرین اور امت اسلامیہ خاص طور پر فلسطینی قوم اور دلاوران مقاومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
عیدالاضحی کا مقصد انسانوں کو استکباری نظام سے نجات دلانا ہے۔ یمنی قوم سعودی حکومت کی سیاسی پالیسیوں کی وجہ سے حج سے محروم ہے جس کی ذمے داری سعودی حکومت پر عائد ہوتی ہے،حج سے جو درس حاصل کیا جا سکتا ہے وہ مظلوم فلسطینی عوام کی مخلصانہ مدد ہے جو صہیونی دشمن کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں”۔
مظلوم فلسطینی قوم کی ہر ممکن مدد کے سلسلے میں مسلمانوں کو اپنی ذمے داری ادا کرنی چاہیے۔ یمنی قوم فلسطینی عوام اور مزاحمت کی مدد سے ہرگز دریغ نہیں کرے گی، یمنی قوم فوجی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے صیہونی دشمن کے بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور فلسطینیوں کی حمایت میں اپنے ایماندارانہ موقف پر ثابت قدم رہے گی۔
انہوں نے فلسطینی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: آپ اکیلے نہیں ہیں اور ہم فتح تک آپ کے ساتھ ہیں۔اس دوران یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ہفتے کی رات مقبوضہ فلسطین جانے والے دو بحری جہازوں پر حملے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عید کے موقع پر فلسطینی مجاہدین کے لیے ہمارا تحفہ ہے۔
اس دوران یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین(اسرائيل) کی بندرگاہوں میں داخلے پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کی بنا پر گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران یمنی فوج کی جانب سے جن بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا ہے۔
ان کی قسمت میں غرق ہونا لکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج ایک بار پھر تمام کمپنیوں کو اسرائیلی دشمن کے ساتھ تجارت کے نتائج کے بابت خبردار کرتی ہے۔