اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے پر برطانوی دفتر خارجہ کا افسر مستعفی

0 51

لندن: اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے پر برطانوی دفتر خارجہ کے افسر مارک اسمتھ نے استعفیٰ دے دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مستعفی افسر کا کہنا ہے کہ اس نے دفتر خارجہ میں ہر سطح پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مارک اسمتھ کا کہنا تھا کہ غزہ میں روز اسرائیل کی جنگی جرائم کی واضح مثالیں دیکھی گئیں، برطانیہ کا اسرائیل کو تسلسل سے ہتھیاروں کی فروخت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

مستعفی افسر نے کہا کہ اسلحے کی فروخت میں شفافیت کا خیال رکھنےکا برطانوی وزرا کا دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے، برطانوی حکومت بھی شاید اسرائیل کے جنگی جرائم میں ملوث ہے۔

دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ کا کہناہے کہ حکومت بین الاقوامی قوانین کا تحفظ کرنے کے لیے پُرعزم ہے، وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی اسرائیل کے بین الاقوامی قوانین پر عمل کرنےکا جائزہ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری بدترین اسرائیلی جارحیت میں اب تک 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 92 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق شہدا میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.