جرمنی میں میلے کے دوران چاقو سے حملہ، تین افراد جاں بحق اور کئی زخمی

0 48

جرمنی کے شہر زولنگن میں میلے کے دوران ایک چاقو بردار شخص کے حملے میں تین افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی کے مطابق چاقو زنی کا واقعہ ایک مارکیٹ میں پیش آیا جہاں اسٹیج پر موسیقی جاری تھی اور کافی لوگ جمع تھے۔

حکام کے مطابق چاقو زنی کے واقعے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویش ناک ہے۔

جرمنی کے مغرب میں واقع زولنگن شہر کی 650 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جاری یہ میلہ اتوار تک جاری رہنا تھا تاہم چاقو زنی کے واقعے کے بعد علاقے کو خالی کرالیا گیا۔

ڈیڑھ لاکھ آبادی پر مشتمل یہ چھوٹا شہر زولنگن، کولون اور ڈوزلڈورف کے قریب واقع ہے۔

مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق پونے دس بجے شب پیش آیا، حملے کے بعد ملزم فرار ہوگیاجسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا، ملزم کی تلاش کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

جرمن پولیس کی جانب سے میلے میں چاقو زنی کے اس واقعے کو دہشتگرد حملہ قرار دیا گیا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.