پاکستان کو ڈیجیٹل اور کم نقدی پر مبنی معیشت میں منتقل کرنے کے اقدامات پرغور شروع کر دیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں کمرشل بینک، ڈویلپمنٹ فنانس ادارے، ریگولیٹرز اور سرمایہ کاری کے ماہرین شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اہم تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے، ڈیجیٹل لین دین کے فروغ اور روزمرہ معاشی سرگرمیوں میں نقدی پر انحصار کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن پاکستان کے معاشی جدیدیت کے ایجنڈے کا مرکزی جزو ہے، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دائرہ کار میں اضافے سے مالی شفافیت بہتر ہو گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ نقدی سے پاک معیشت کی طرف پیشرفت محض ایک پالیسی ہدف نہیں بلکہ مالیاتی استحکام، مسابقت اور جامع ترقی کیلئے عملی ضرورت ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن جدید مالیاتی نظام کی بنیاد ہے، بھرپور عزم اور ہم آہنگی کے ساتھ ادائیگی کا نظام تشکیل دینا ہو گا، تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان پالیسی ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہو گا۔