وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد میں صوبوں کے ترقیاتی فنڈز کی تقسیم سے متعلق اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا جبکہ پلاننگ کمیشن منصوبے شامل کرکے منانے میں کامیاب رہا۔ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام میں منصوبے نہ دینے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پی ایس ڈی پی کا اجلاس چھوڑ کر باہر نکل آئے، پلاننگ کمیشن کے اعلیٰ افسر بھی منانے کے لیے باہر چلے آئے۔
ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور نے ناردرن بائی پاس پشاور کی مسنگ لنک اور تربیلا لارنس پور روڈ کی وفاقی ترقیاتی پروگرام میں شمولیت پر احتجاج ختم کر دیا۔محکمہ خزانہ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مجموعی طور پر خیبرپختونخوا کے 4 ترقیاتی منصوبوں کو پی ایس ڈی پی کا حصہ بنا دیا گیا ہے جبکہ پہلے پی ایس ڈی پی میں صوبائی حکومت کو 54 کروڑ روپے کے صرف دو منصوبے دیے گئے تھے۔