حکومت پاکستان اور فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ایف ڈی) کے درمیان 12 ملین یورو کے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز، فرانسیسی سفیر نکولس گیلی اور اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر ونسنٹ تھیونو نے معاہدے پر دستخط کئے۔
ترجمان نے بتایا یہ یورپی یونین کی گرانٹ ہے جو فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے زیر انتظام فراہم کی جائے گی، یہ منصوبہ واسا لاہور اور فیصل آباد کی گورننس، آپریشنل کارکردگی اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے میں کارگر ثابت ہوگا۔
اقتصادی امورکے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے لئے مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری اور اس کے نفاذ میں مدد فراہم کرے گا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے سے واسا میں شفاف فیصلہ سازی کو فعال کرنے کے لیے آلات کی خریداری اور ڈیجیٹائزیشن میں معاونت ملے گی۔