جنگی قیدیوں کی حوالگی کے موقع پر فلسطینی عوام کا جوش وخروش اور ان کے نعرے استقامتی محاذ کی حمایت کا مظہر ہیں: حماس

0 107

حماس نے صیہونی جنگی قیدیوں کی منظم حوالگی کی تقریب کو دنیا کے لئے حیرت انگیز اور اس موقع پر فلسطینی عوام کے جوش وخروش اور ان کے نعروں کو استقامتی محاذ کی حمایت کا مظہر قرار دیا ہے۔

حماس نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ اور استقامتی فلسطینی محاذ نے ایک بار پھر میدان جنگ کو کنٹرول میں رکھنے کی اپنی توانائی ثابت کردی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی قیدیوں کی حوالگی جو مثالی نظم و ضبط کے ساتھ انجام پائی اور اس نے دنیا کو مبہوت کردیا۔ جرائم پیشہ صیہونی فوج کا منہ خاک میں ملنے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے صیہونی جںگی قیدیوں کی حوالگی تقریبات میں پایا جانے والا نظم و ضبط القسام بریگیڈ اور سرایا القدس نیز دیگر استقامتی فلسطینی گروہوں کے اتحاد کا ثبوت ہے جو میدان جنگ میں بھی تھا اور جنگی قیدیوں کے آپریشن میں بھی نظر آیا۔

حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ کے جبالیا کیمپ ميں اور جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں جنگی قیدیوں کے تبادلے کا آپریشن، استقامتی فلسطینی محاذ میں شامل سبھی گروہوں کے اتحاد اور ملت فلسطین کی استقامت و توانائی کا مظہر ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ ميں مختلف مقامات پر منجملہ، جبالیا کیمپ اور شہر خان یونس ميں شہید یحیی سنوار کے گھر کے سامنے صیہونی جںگی قیدیوں کی حوالگی کی تقریب اور اس میں عوام کی پرجوش شرکت دنیا کے لئے اس پیغام کی حامل ہے کہ ہمارے عوام اپنے وطن میں ثابت قدم ہیں، استقامت جاری رکھیں گے اور سرزمین فلسطین کو آزاد کرانے پر مصمم ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز غزہ میں شہید یحیی سنوار کے گھر کے سامنے تین صیہونی جنگی قیدیوں کی حوالگی کی پرجوش تقریب سے برہم ہوکر غاصب صیہونیوں نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل روک دینے کا اعلان کردیا تھا لیکن پھرجنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے مطابق ایک سو دس فلسطینی قیدیوں کو آزاد کرنے پر مجبور ہوگئے۔

فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ فتح کے فوجی بازو شہدائے الاقصی کے کمانڈر زکریا الزبیدی بھی صیہونی جیل سے آزاد ہوکر رام اللہ پہنچ گئے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.