غزہ کے شہداء کی تعداد 50700 سے تجاوز کرگئی
سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 52 ہزار 760 ہوگئی ہے۔
ارنا نے جمعرات کو وفا نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اس مد ت میں غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 264 ہوگئی ہے۔
فلسطین کی وفا نیوز ایجنسی نے اسپتال کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ 18 مارچ سے غزہ پر دوبارہ شروع ہونے والے صیہونی حملوں میں 2 ہزار 651 فلسطینی شہید اور 7 ہزار 223 زخمی ہوچکے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید 106 فلسطینی شہیدوں کے جنازے اور 367 زخمی اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
وفا نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والے بہت سے فلسطینیوں کی لاشیں منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے بدستور دبی ہوئی ہیں جنہیں اب تک نکالا نہیں جاسکا ہے جبکہ بہت سے جنازے سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں اور ان تک امدادی دستوں اور ایمبولنسوں کی دسترسی نہیں ہے۔