اسلام آباد ہائیکورٹ، ایکس کی بندش پر پی ٹی اے سے واضح جواب طلب

0 111

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کےخلاف درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور درخواست گزار کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے جب کہ پی ٹی اے کے وکیل نے تیاری کے لیے عدالت سے وقت مانگا۔

عدالت نے سوال کیا کہ سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست پرکیا ہوا؟ وہاں تو توہینِ عدالت کی درخواست پرسماعت ہونی تھی، اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ توہینِ عدالت کی درخواست پرنوٹس جاری کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ہمارا اس درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر بھی اعتراض ہے۔

عدالت نے کہا کہ جوبھی ہے، جس نے بھی کیا ہے لیکن ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند ہوا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ میں بھی ڈھیلا ڈھالا ہی کام چل رہا ہے، اسی لیےآپ کوکہا کہ اس عدالت میں مفصل جواب جمع کرائیں۔

عدالت نے پی ٹی اے کے وکیل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرواضح جواب جمع کرائیں، واضح جواب ہونا چاہیے، عدالت کوبتائیے کہ دراصل ہوکیا رہا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس پر عدالت نے کہا کہ ابھی جواب تو آنے دیں، اپنے ہتھیارپہلے ہی نہیں دکھادیے جاتے، اسی لیے زیادہ لمبی تاریخ نہیں ڈالی اور جلدی جواب طلب کیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کےخلاف درخواست پر سماعت26 مارچ تک ملتوی کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.