غزہ کے النصیرات کیمپ کے شہدا کی تعداد 200 سے زائد
غزہ پٹی میں فلسطینی انتظامیہ کے انفارمیشن سینٹر نے ہفتے کی شام اپنے بین میں اعلان کیا تھا کہ غزہ پٹی کے وسط میں واقع النصیرات کیمپ میں غاصب صیہونی فوج کے وحشیانہ جرائم میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر دوسو دس تک پہنچ گئی ہے۔
زخمیوں کی تعداد چارسو سے زائد ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کے سرکاری ترجمان نبیل ابو ردینہ کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کی فوج کے ہاتھوں فلسطینی عوام کے روزانہ قتل عام کا سلسلہ جس میں تازہ ترین واقعہ النصیرات کیمپ کا قتل عام تھا۔
فلسطینی قوم کی نسل کشی کا تسلسل ہے،فلسطینی انتظامیہ کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صیہونی حکومت کی طرف سے ہونے والے تمام قتل و غارت کی مکمل طور پر ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے، اس جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان نے کہاکہ اس جنگ کا جاری رہنا حالات کو ایک خطرناک مرحلے تک لے جائے گا جہاں کسی کے لیے امن اور سلامتی کا حصول کبھی بھی میسر نہيں ہو سکے گا۔
انہوں نے سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے ان جرائم کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ صیہونی حکومت کو ان تمام جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا پابند بنایا جائے۔