غزہ: صیہونی حکومت کا بے گھر افراد کے کیمپ پر فضائی حملہ، 29 فلسطینی شہید

0 423

غزہ میں اسکول کے قریب بےگھر افراد کے کیمپ پر صیہونی فضائی حملے میں کم از کم 29 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری صیہونی جارحیت کو 9 ماہ مکمل ہوگئے ہیں تاہم اتنا وقت گزرجانے کے باوجود صیہونی فوج کی جانب سے معصوم اور نہتے فلسطینیوں پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مشرق میں اباسان الکبیرہ قصبے میں العودہ اسکول کے گیٹ کے باہر صیہونی حکومت کی جانب سے فضائی حملہ ہوا جس میں کم از کم 29 افراد شہید ہوگئے۔

دوسری جانب صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ ہم نے حماس کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو نشانہ بنانے کے لیے گولہ باری کی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک ہفتے قبل صیہونی فوج نے شہریوں کو مشرقی خان یونس اور دیگر علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا، جس سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق چار دن میں صیہونی حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کو پناہ دینے والے اسکولوں پر یہ چوتھا حملہ ہے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری صیہونی جارحیت میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.