رضوانہ تشدد کیس، جج کی اہلیہ ملزمہ سومیہ عاصم کی ضمانت خارج، گرفتار

گرفتاری کے وقت ملزمہ کے وکلا اور پولیس میں بحث بھی کارگر ثابت نہ ہوئی

0 62

اسلام آباد(شوریٰ نیوز)رضوانہ تشدد کیس، جج کی اہلیہ ملزمہ سومیہ عاصم کی ضمانت خارج،گرفتاری کے وقت ملزمہ کے وکلا اور پولیس میں بحث بھی کارگر ثابت نہ ہوئی ،مقامی عدالت نے کم عمر گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس میں جج کی اہلیہ ملزمہ سومیہ عاصم کی ضمانت خارج کردی، جس کے بعد پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں رضوانہ تشدد کیس میں ملزمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ ڈیوٹی جج ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید بلوچ کے روبرو ملزمہ پیش ہو گئی جب کہ پولیس نے بھی عدالت کے سامنے مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا۔ دوران سماعت متاثرہ بچی کی والدہ بھی وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی۔ملزمہ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ سومیہ عاصم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئی ۔ وکیل نے بتایا کہ ہم نے بار بار ان کو کہا بچی واپس لے جائیں ۔ ہمارے پاس ویڈیوز کے ثبوت بھی موجود ہیں ۔ بچی 23 جولائی کو گئی اور میڈیکل 24 کو ہوا ہے۔ 25 جولائی کی ایف آئی آر ہے۔ 3 گھنٹے بچی ٹھیک ٹھاک تھی سر کو بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا ۔ یہ بچی یہاں ہمارے پاس رہی تو اس دوران گھر بھی گئی ہے ۔ ایف آئی آر کا 70 فیصد میں پڑھ چکا ہوں یہاں کچھ بھی ثبوت نہیں ۔ ہم نے میاں جی ہوٹل کی بھی ایک ویڈیو لی ہے جہاں اور ایک کریکٹر بھی ہے ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ متعلقہ شواہد بتائے جائیں، جس پر وکیل مدعی نے کہا کہ انہوں نے آج تک میڈیکو لیگل رپورٹ چیلنج نہیں کی۔ اتناظلم کوئی والدین نہیں کر سکتے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج کی اہلیہ ملزمہ سومیہ عاصم کی ضمانت خارج کردی۔ جس کے بعد ملزمہ کی گرفتاری کے لیے عدالت کے باہر پولیس موجود ہے، تاہم وکلا کا کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنا ہے، آپ گرفتار نہ کریں۔ اس دوران پولیس اور وکلا کے درمیان بحث ہوئی۔ملزمہ سومیہ عاصم کمرہ عدالت میں وکلا سے بات کرتے ہوئے رو پڑیں۔ بعد ازاں جج نے کمرہ عدالت خالی کرنے کا حکم دیا جب کہ اسلام آباد پولیس نے مزید نفری طلب کرلی اور ملزمہ سومیہ عاصم کو عدالتی حکم پر گرفتار کرلیا۔ ملزمہ کو تھانہ ویمن میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں سے انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.